پی ٹی اے نے جوئے اور شرط لگانے والی 184 ویب سائٹس اور ایپس بلاک کردیں
قومی اسمبلی کے اجلاس میں کابینہ ڈویژن کی جانب سے پیش کیے گئے تحریری جواب میں انکشاف کیا گیا ہے کہ پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے ملک میں جوئے اور شرط لگانے سے متعلق متعدد ویب سائٹس اور موبائل ایپلیکیشنز کو بلاک کیا ہے۔
کابینہ ڈویژن کے انچارج وزی کا کہنا تھا کہ اب تک جوئے سے متعلقہ 184 ویب سائٹس اور ایپس کو بلاک کیا جا چکا ہے۔
انہوں نے مزید وضاحت کی کہ ان سرگرمیوں میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کرنا پی ٹی اے کے دائرہ اختیار سے باہر ہے۔
جواب میں بتایا گیا کہ ملک بھر کے تمام اداروں کو ہدایت جاری کی گئی ہے کہ وہ ایسی کسی بھی کمپنی یا پلیٹ فارم سے معاہدے نہ کریں جو جوئے یا شرط لگانے میں ملوث ہو۔
کابینہ ڈویژن نے اعتراف کیا کہ غیر قانونی آن لائن مواد کو مکمل طور پر ختم یا بلاک کرنے کے لیے پی ٹی اے کے اختیارات محدود ہیں، اور اس حوالے سے قانون سازی اور متعلقہ اداروں کے درمیان تعاون کی ضرورت ہے۔
واضح رہے کہ سوشل میڈیا اور آن لائن گیمنگ کے بڑھتے رجحان کے باعث ایسے غیر قانونی پلیٹ فارمز نوجوان نسل کو اپنی لپیٹ میں لے رہے ہیں، جن کے خلاف مؤثر کارروائی کے لیے حکومت پر دباؤ بڑھ رہا ہے۔