گجرات میں 20 گھنٹوں کے دوران 506 ملی میٹر بارش نے تباہی مچا دی
تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر گجرات نے کہا ہے کہ شہر میں 20 گھنٹوں کے دوران 506 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے، نیز نالہ بھمبر میں شدید سیلاب کی صورت حال پیدا ہو گئی ہے۔
ڈی سی کے مطابق گجرات میں قمر سیالوی روڈ میں نالہ اوور فلو ہو گیا اور پانی گھروں اور دکانوں میں داخل ہو گیا، کچہری روڈ واپڈا کالونی میں بھی بارش اور سیلاب کا پانی گھروں میں داخل ہو گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کی آج رات سے کل تک موسلادھار بارشوں کی پیشگوئی

دوسری طرف ملتان میں ہیڈ محمد والا پر پانی کا گیج 413.66 فٹ ریکارڈ کیا گیا ہے، کمشنر عامر کریم کے مطابق پانی کا کریٹیکل لیول 417 فٹ ہے، انھوں نے بتایا کہ ہیڈ محمد والا میں بریچنگ کا فیصلہ ٹیکنیکل کمیٹی کرے گی، پانی کے بہاؤ کی مکمل مانیٹرنگ کی جا رہی ہے، آبادی کو بچانے کے لیے ہنگامی اقدامات تیزی سے جاری ہیں۔
واضح رہے کہ دریائے ستلج، چناب اور راوی میں اس وقت بھی سیلاب کی صورت حال سنگین ہونے پر پولیس کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے، وزیر اعلیٰ مریم نواز کی ہدایت پر ریسکیو و ریلیف آپریشن میں تیزی آ گئی ہے۔ تھرمل امیجنگ و ڈرون کیمروں سے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔
ترجمان پولیس کے مطابق 3 لاکھ سے زائد افراد اور 4 لاکھ مویشی محفوظ مقامات پر منتقل کیے گئے، شاہدرہ، ملتان، قصور، وہاڑی، لودھراں اور میلسی میں پولیس ہائی الرٹ ہے، پولیس دیگر اداروں کے ساتھ ریسکیو و بحالی میں مصروف ہے۔
اروائے اردو