ایف بی آر نے انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی تاریخ میں توسیع کر دی

ایف بی آر نے تاجروں، صنعت کاروں اور سیاسی رہنماؤں کے مطالبے پر انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانےکی تاریخ میں 15دن کی توسیع کر دی۔

ایف بی آر نے ٹیکس ریٹرن فائل کرنے کی تاریخ 31 اکتوبر تک بڑھا دی ہے۔ پہلے ٹیکس ریٹرن کی آخری تاریخ 30 ستمبر تھی جسے 15 اکتوبر تک بڑھایا گیا تھا۔

فیڈرل بورڈ آف ریونیو کا کہنا ہے کہ تاجروں اور ٹیکس بارایسوسی ایشن کی درخواست پر توسیع کا فیصلہ کیا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ گوشوارہ جمع نہ کرانے والوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی، جب کہ مقررہ تاریخ کے بعد گوشوارہ جمع کرانے والے لیٹ فائلر کیٹیگری میں شمار ہوں گے، جن پر ودہولڈنگ ٹیکس کی شرح زیادہ ہوگی۔

یاد رہے کراچی میں ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے حکومت سے سالانہ ٹیکس ریٹرن جمع کرانے کی تاریخ میں توسیع کا مطالبہ کیا تھا۔

ناشتہ نہ کرنے والے حضرات یہ ضرور پڑھیں

ڈاکٹر فاروق ستار نے وزیراعظم، وزیر خزانہ اور چیئرمین ایف بی آر سے اپیل کرتے ہوئے کہا تھا کہ ٹیکس ریٹرن جمع کرانے کی آخری تاریخ 15 اکتوبر سے بڑھا کر 30 نومبر کی جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ موجودہ معاشی حالات اور غیر معمولی مون سون بارشوں کے باعث کاروباری طبقہ اپنے مالی معاملات بروقت مکمل نہیں کر پایا، اس لیے حکومت کو تاجروں کو ریلیف فراہم کرنا چاہیے۔